ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،بنگلہ دیش نے بڑا فیصلہ کرلیا

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،بنگلہ دیش نے بڑا فیصلہ کرلیا

بنگلہ دیش نے بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بنگلہ دیشی حکومت اور کرکٹ حکام کے مطابق یہ فیصلہ مکمل طور پر سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور اس پر نظرِ ثانی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔

بنگلہ دیش کے یوتھ اینڈ اسپورٹس ایڈوائزر عاصف نذرال نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ قومی ٹیم کے تحفظ اور کھلاڑیوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔قومی کرکٹرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصف نذرال کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے میچز کی منتقلی کی باضابطہ درخواست کی تھی۔

اس درخواست کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ ان کے مطابق آئی سی سی نے اس معاملے میں بنگلہ دیش کے مؤقف کے ساتھ انصاف نہیں کیا اور سکیورٹی خدشات کو نظرانداز کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے معاملات آگے بڑھا دیے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،بنگلہ دیش کے میچز کہاں کھیلے جائیں گے؟آئی سی سی نے واضح کردیا

عاصف نذرال نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش آج بھی یہ امید رکھتا ہے کہ آئی سی سی حالات کا ازسرِنو جائزہ لے گی اور تمام ٹیموں کے لیے مساوی اور محفوظ ماحول یقینی بنائے گی۔ تاہم موجودہ حالات میں بنگلہ دیشی ٹیم کو بھارت بھیجنا ممکن نہیں، کیونکہ حکومت کی اولین ترجیح کھلاڑیوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق میچز کی منتقلی کی درخواست کسی سیاسی یا انتظامی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ خالصتاً سکیورٹی بنیادوں پر کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کے بغیر ہی ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کا عندیہ ملنے سے صورتحال مزید پیچیدہ اور غیر یقینی ہو گئی ہے، جس سے شائقینِ کرکٹ میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ آخری لمحات تک کسی ممکنہ حل کی تلاش جاری ہے تاہم حکومت اپنے مؤقف پر مضبوطی سے قائم ہے، حکام کا ماننا ہے کہ کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے پہلے سکیورٹی کے تمام پہلوؤں کا اطمینان بخش ہونا ناگزیر ہے،موجودہ حالات میں بنگلہ دیش کا فیصلہ نہ صرف قومی مفاد بلکہ کھلاڑیوں کے تحفظ کی عکاسی بھی کرتا ہے  جس پر کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *