شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے ایک اہم اور بروقت اقدام اٹھایا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق بسنت کے موقع پر ممکنہ حادثات اور ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کے لیے مال روڈ فیصل چوک پر خصوصی آگاہی اور حفاظتی کیمپ قائم کیا گیا جہاں موٹر سائیکل سوار شہریوں کو مفت سیفٹی راڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد پتنگ بازی کے دوران استعمال ہونے والی ڈور سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کرنا ہے جو ماضی میں کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن چکی ہے،اس موقع پر سٹی ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید اور رکن پنجاب اسمبلی میاں مرغوب احمد نے خود موجود رہ کر شہریوں کی موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز نصب کیے۔
دونوں شخصیات نے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے انہیں ٹریفک قوانین، حفاظتی اقدامات اور ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران اگرچہ خوشی اور تفریح کا عنصر غالب ہوتا ہے، تاہم ذرا سی لاپرواہی سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہے اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سیفٹی راڈز موٹر سائیکل سواروں کے گلے اور چہرے کو تیز دھار ڈور سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ اس مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ شہریوں تک یہ سہولت مفت پہنچائی جا رہی ہے، حکام نے واضح کیا کہ یہ اقدام صرف بسنت تک محدود نہیں بلکہ آئندہ بھی مختلف مقامات پر ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
ایم پی اے میاں مرغوب احمد نے ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اداروں اور عوام کا باہمی تعاون ناگزیر ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف سیفٹی راڈز کا استعمال کریں بلکہ دیگر ٹریفک قوانین کی بھی پابندی کریں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ بسنت یا کسی بھی تہوار کے موقع پر سڑکوں پر احتیاط کو اولین ترجیح دیں، حفاظتی آلات استعمال کریں اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں تاکہ لاہور میں خوشیوں کے ساتھ ساتھ سلامتی کا ماحول بھی برقرار رہے۔