آئی سی سی کے بورڈ نے ایک اہم اور غیر معمولی فیصلے پر اتفاق کر لیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت میں ہونے والے مجوزہ ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار پر قائم رہتا ہے تو ٹیم رینکنگ کی بنیاد پر اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا جائے گا۔
کرکٹ ویب سائٹ اور نجی ٹی وی کے مطابق یہ فیصلہ بدھ کے روز ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کیا گیا، جس میں اکثریتی ڈائریکٹرز نے متبادل ٹیم کو شامل کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔
اجلاس میں موجود 15 ڈائریکٹرز میں سے صرف پاکستان نے کھل کر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ دیگر فل ممبر ممالک نے یہ مؤقف اپنایا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول اور تسلسل کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے بروقت فیصلہ ضروری ہے۔
یہ ہنگامی اجلاس پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے منگل کے روز آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز کو ارسال کیے گئے خط کے بعد بلایا گیا تھا، جس میں پی سی بی نے بنگلہ دیش کے سکیورٹی خدشات کو جائز قرار دیتے ہوئے بی سی بی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا۔
اجلاس میں آئی سی سی چیئرمین جے شاہ سمیت تمام فل ممبر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا میں بی سی بی کے صدر امین الاسلام، بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوا جیت سائیقیا، سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ، زمبابوے کرکٹ کے صدر تاوینگا موکُہلانی، ویسٹ انڈیز کرکٹ کے صدر کشور شیلو، کرکٹ آئرلینڈ کے چیئرمین برائن میک نیس، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن، کرکٹ جنوبی افریقہ کے نمائندے محمد موساجی اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میرواعش اشرف شامل تھے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی کے دو ایسوسی ایٹ ممبر ڈائریکٹرز مبشر عثمانی اور مہندا ولی پورم، آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا، ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور جنرل منیجر گوروو سکسینہ بھی اجلاس میں شریک رہے۔
اجلاس میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اینڈریو ایفرگریو نے بھی شرکت کی جو گزشتہ ہفتے ڈھاکہ میں بی سی بی حکام سے ملاقاتیں کر کے سکیورٹی خدشات دور کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔
آئی سی سی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے حتمی فیصلے کے بعد ہی باضابطہ اعلان کیا جائے گا تاہم اسکاٹ لینڈ کو متبادل کے طور پر تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، یہ معاملہ نہ صرف کرکٹ بلکہ عالمی کھیلوں میں سکیورٹی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کی عکاسی بھی کرتا ہے۔