سونا عام آدمی کی پہنچ سے باہر ، عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے اور چاندی کی قیمتوں نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اچانک نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد فی اونس سونا 91 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 923 ڈالر کی نئی بلند سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔
عالمی سطح پر قیمتوں میں اس تیزی کا اثر ملکی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر نظر آیا ہے جہاں پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں 9 ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 14 ہزار 662 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت بھی نمایاں اضافے کے بعد 4 لاکھ 41 ہزار 239 روپے ہو گئی، جس میں 7 ہزار 802 روپے کا اضافہ شامل ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتیں بھی پیچھے نہ رہیں اور نیا ریکارڈ بنا ڈالا ، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 372 روپے مہنگی ہو کر 10 ہزار 275 روپے کی نئی سطح پر پہنچ گئی جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 319 روپے کے اضافے کے بعد 8 ہزار 809 روپے ہو گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی معاشی بے یقینی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتا رجحان قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، جس کے اثرات آنے والے دنوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں ، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں، ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔