لاہور،نجی ہوٹل میں آتشزدگی ،2افراد جانبحق،سینکڑوں کو ریسکیو کر لیا گیا

لاہور،نجی ہوٹل میں آتشزدگی ،2افراد جانبحق،سینکڑوں کو ریسکیو کر لیا گیا

لاہور کے اہم تجارتی علاقے گلبرگ میں واقع ایک نجی ہوٹل میں بوائلر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔ آگ دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلور تک پھیل گئی، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور 250سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہوٹل کے بیسمنٹ میں نصب بڑے بوائلر کے پھٹنے سے آگ بھڑکی۔ واقعے کے وقت ہوٹل میں ایک نجی کالج کی تقریب جاری تھی، جس کے باعث آگ لگتے ہی بھگدڑ مچ گئی۔

آگ کی زد میں آ کر عمران نامی شخص شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعے میں 5 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں بروقت ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق چار کنال پر مشتمل یہ نجی ہوٹل 19 منزلہ ہے، جبکہ بیسمنٹ میں الیکٹریکل وائرنگ کا بڑا نظام موجود تھا، جس کے باعث آگ کے دیگر فلورز تک پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو اوپر کی منزلوں تک پہنچنے سے پہلے ہی بجھا دیا۔

واقعے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی، جبکہ صوبائی وزیر فیصل کھوکھر، چیف سیکریٹری، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر بھی موقع پر موجود رہے۔

کامیاب ریسکیو آپریشن پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ”180 سے زائد زندگیاں بچ جانا محض اتفاق نہیں، بلکہ یہ سیف پنجاب وژن اور فعال ہائیڈرنٹ سسٹم کا نتیجہ ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں افراد کو محفوظ نکالنا حکومت اور ریسکیو اداروں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔”

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے گل پلازہ میں بھی آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ اس افسوسناک واقعے میں سینکڑوں دکانیں جل کر راکھ ہو گئی تھیں، جس نے ملک بھر میں فائر سیفٹی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *