ملکی معیشت کیلئے خوشخبری ، گیس کے بڑے ذخائر دریافت

ملکی معیشت کیلئے خوشخبری ،  گیس کے  بڑے ذخائر دریافت

پاکستان کی توانائی ضروریات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بلوچستان میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔  

 ماہرین کے مطابق یہ دریافت ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے خوش آئند ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف مقامی وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

گیس کے یہ ذخائر بلوچستان کے ضلع بارکھان میں واقع کلچاس ساؤتھ بلاک میں دریافت کیے گئے ہیں ، اس منصوبے پر ماری انرجیز لمیٹڈ کام کر رہی ہے، جس کے تحت تِبری ون نامی کنویں کی کھدائی کے دوران گیس کی موجودگی سامنے آئی۔

 ابتدائی آزمائشی مراحل میں کنویں سے روزانہ 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس کے اخراج کی اطلاع ملی ہے، جبکہ ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 561 پی ایس آئی ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں اصلاحات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے، آئی ایم ایف سربراہ بھی معترف

کمپنی کے مطابق یہ نتائج ابتدائی نوعیت کے ہیں اور کنویں کی مکمل پیداواری صلاحیت جانچنے کے لیے مزید تکنیکی ٹیسٹ جاری ہیں ،  ماری انرجیز کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ کے حتمی نتائج آنے کے بعد گیس کی پیداوار اور تجارتی امکانات کا واضح تعین کیا جا سکے گا۔

گیس کی اس نئی دریافت سے متعلق ماری انرجیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے، تاکہ سرمایہ کاروں کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ذخائر تجارتی پیمانے پر کارآمد ثابت ہوئے تو اس سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کو فائدہ پہنچے گا۔

مزید برآں، ماری انرجیز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کا عمل جاری رکھے گی، تاکہ ملکی توانائی کے شعبے کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے،  ماہرین کے مطابق اس قسم کی دریافتیں پاکستان کو توانائی کے میدان میں خود کفالت کے قریب لے جا سکتی ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *