محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق پیش گوئی جاری کر دی ہے،محکمہ کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب کے چند اضلاع میں صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی ہے، تاہم کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مظفرآباد ایئرپورٹ میں 5 ملی میٹر، مظفرآباد سٹی 2 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ 4 ملی میٹر، کوٹلی 3 ملی میٹر، مری 5 ملی میٹر، منگلا 1 ملی میٹر، مالم جبہ 2 ملی میٹر اور پٹن میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، علاوہ ازیں، مری اور مالم جبہ میں تقریباً 1 انچ برفباری ہوئی، جس سے پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے اثرات بڑھ گئے ہیں۔
کم سے کم درجہ حرارت کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لہہ میں منفی 10 ڈگری، قلات اور پاراچنار میں منفی 7 ڈگری، گوپس، مالم جبہ اور استور میں منفی 6 ڈگری، نتھیا گلی اور کالام میں منفی 5 ڈگری، جبکہ سکردو میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، عوام کو سرد موسم میں گرم کپڑے پہننے اور صبح کے اوقات میں دھند سے خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ سردی اور برفباری کے اثرات سے بچا جا سکے۔