لاہور میں بسنت منانے کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اندرونِ لاہور کے 10 سرکاری اسکولوں کی چھتیں بسنت کے لیے مختص کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو متعلقہ اسکولوں کی تفصیلی رپورٹ بھجوا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول بھاٹی گیٹ، دہلی گیٹ، سید مٹھا بازار اور شاہ عالم گیٹ میں بسنت منائی جائے گی۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ وکٹوریہ گرلز ہائی اسکول، تکیہ سادھواں، کابلی مل اور چونا منڈی کے اسکول بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جہاں بسنت کے انتظامات کیے جائیں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے اسکولوں میں تعینات نگران عملے کو بسنت کے تین روز تک چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر اسکولوں کے دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
حکام کے مطابق اگر کسی بھی اسکول میں انتظامات ناقص پائے گئے تو اس کی ذمہ داری متعلقہ اسکول ہیڈز پر عائد ہو گی۔ انتظامیہ نے تمام متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ بسنت کے دوران دیے گئے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔