محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے آئندہ چند دنوں کے دوران موسم کی صورتحال سے متعلق تفصیلی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے 31 جنوری سے 3 فروری تک بارش اور برفباری کے امکانات ظاہر کر دیے ہیں۔
موسمیاتی حکام کے مطابق یہ سلسلہ مختلف وقفوں سے جاری رہ سکتا ہے،جس کے اثرات بالخصوص شمالی اور بالائی علاقوں میں نمایاں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے شمالی بلوچستان اور شمالی علاقوں میں آنے والے دنوں کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران ملک کے متعدد حصوں میں موسم سرد اور مرطوب رہنے کا امکان ہے،جبکہ بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہونے کے امکانات موجود ہیں۔
اسی طرح یکم فروری سے 3 فروری کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم سرد ارہنے کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران پنجاب کے مختلف حصوں، خصوصاً مری اور گلیات میں بھی بارش کا امکان موجود ہے، ان علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے، جبکہ بلند مقامات پر برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی یہ صورتحال چند دن برقرار رہ سکتی ہے اس لیے عوام کو تازہ ترین موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے اور سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔