اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وادی تیراہ میں کسی قسم کا بڑا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا بلکہ صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کیے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ میں بڑے آپریشن کا جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ موسم بھی کسی بڑے آپریشن کے لیے کسی طور مناسب نہیں ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ وادی تیراہ میں کہیں بھی فوج کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی بیانیہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ نہیں ڈال سکتا۔
اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار نے مزید کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان عوام کی ترقی کے دشمن ہیں اور احساسِ محرومی کا نعرہ لگا کر دہشت گردی کرنے والوں کو بلوچستان کے عوام بخوبی جان چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل کی ہدایت پر معرکۂ حق کے دوران مغربی سرحد پر فوج اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہی۔ معرکۂ حق میں میڈیا نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔۔

