سہیل آفریدی عید کے بعد وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے،ارباب خضر حیات کا بڑا دعویٰ

سہیل آفریدی عید کے بعد وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے،ارباب خضر حیات کا بڑا دعویٰ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ارباب خضر حیات نے خیبرپختونخوا کی سیاست میں بڑی تبدیلی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عید کے بعد اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔

انہوں نے دعوے سے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پاس اب چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں اور عید کے فوراً بعد صوبے کی سیاسی صورتحال یکسر تبدیل ہونے والی ہے۔
اپنے ایک بیان میں ارباب خضر حیات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکمران جماعت کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرچکے ہیں اور پارٹی کے اندر نئی قیادت کے حوالے سے سرگوشیاں زور پکڑ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت موجودہ وزیراعلیٰ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور متبادل قیادت پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ صوبے میں گورننس کے سنگین مسائل موجود ہیں، عوام مہنگائی، بدامنی اور خراب انتظامی امور سے تنگ آچکے ہیں جبکہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ارباب خضر حیات کا خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہی وجوہات ہیں جن کی بنیاد پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ہٹانے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے ارباب خضر حیات نے مزید کہا کہ عید کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں سیاسی جوڑ توڑ میں تیزی آئے گی اور نئی صف بندیاں دیکھنے میں آئیں گی۔

ان کے بقول صوبے میں ایک نئی سیاسی سمت متعین کی جا رہی ہے جس کا آغاز وزیراعلیٰ کی تبدیلی سے ہوگا،انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے دنوں میں خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایسے فیصلے سامنے آئیں گے جو عوام کے لیے حیران کن ہوں گے،ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) صوبے میں جمہوری اور عوام دوست سیاست پر یقین رکھتی ہے اور وہ ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *