اسلامی ممالک میں شبِ معراج کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اسی مذہبی اہمیت کے پیشِ نظر خلیجی ممالک کویت اور عمان نے اس بابرکت موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے،غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ممالک میں 18 جنوری 2026 کو سرکاری سطح پر عام تعطیل ہو گی، جس کے باعث تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے جبکہ تعلیمی سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی۔
رپورٹس کے مطابق شبِ معراج 27 ویں رجب 1447 ہجری کی رات کو منائی جائے گی جو اسلامی تاریخ میں ایک نہایت اہم واقعہ تصور کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر حضرت محمد ﷺ کے معراج کے سفر کی یاد منائی جاتی ہے جس کی نسبت سے مسلمان خصوصی عبادات، نوافل اور دعا کا اہتمام کرتے ہیں۔
اسی مذہبی جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے کویت اور عمان کی حکومتوں نے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تعطیل کا فیصلہ کیا ہے،کویت میں شبِ معراج کے موقع پر تعطیلات کا دورانیہ نسبتاً طویل ہو گا۔
رپورٹس کے مطابق وہاں جمعہ 16 جنوری کو شبِ معراج کی تعطیل ہو گی تاہم چونکہ جمعہ کو پہلے ہی ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے، اس لیے حکومت نے ہفتہ 17 جنوری اور اتوار 18 جنوری کو بھی تعطیل دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس طرح کویت میں مسلسل تین دن کی تعطیلات ہوں گی جس سے عوام کو عبادات کے ساتھ ساتھ اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا۔
حکومتی فیصلے کے مطابق اتوار 18 جنوری کو متبادل تعطیل قرار دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری و نجی ادارے پیر 19 جنوری 2026 سے معمول کے مطابق دوبارہ کام کا آغاز کریں گے۔
اس حوالے سے کویت میں اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی مکمل تعطیل ہو گی،دوسری جانب عمان میں بھی 18 جنوری کو عام تعطیل ہو گی اور وہاں بھی تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔