ملکی سیاست میں بڑی پیش رفت، وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی اہم ملاقات

ملکی سیاست میں بڑی پیش رفت، وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی اہم ملاقات

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پیر کے روز پہلی بار ون آن ون ملاقات کی، جسے ملکی سیاست میں ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مرکز اور صوبوں کے درمیان سیاسی اور مالی معاملات پر تناؤ پایا جاتا رہا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اہم قومی، سیاسی اور صوبائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق ون آن ون ملاقات میں وفاق اور صوبے کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات پر کھل کر بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:جمرود میں سہیل آفریدی کا ’امن جرگہ‘ کے نام پر بلایا گیا جلسہ پھر ناکام، عوام کی عدم دلچسپی، پنڈال اور کرسیاں خالی

ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے علیحدہ ملاقات بھی کی۔ اس وفد میں صوبائی وزیر خزانہ مزمل اسلم شامل تھے، جبکہ وفاقی سطح پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وفد کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں صوبے کو درپیش مالی مشکلات، این ایف سی ایوارڈ، بقایاجات اور ترقیاتی فنڈز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘خیبر پختونخوا حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں’۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، سرمایہ کاری بھی کی جا رہی ہے۔

ملاقات میں صوبے کی مجموعی مالی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں وفاق سے تعاون اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ‘وفاق تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتا ہے اور خیبر پختونخوا کی ترقی قومی ترقی کا حصہ ہے’۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات نہ صرف مرکز اور خیبر پختونخوا کے درمیان اعتماد سازی کی جانب ایک قدم ہے بلکہ آنے والے دنوں میں بین الصوبائی ہم آہنگی اور سیاسی استحکام کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان براہ راست مکالمہ خوش آئند ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *