صوبائی حکومت کا 2 لاکھ 75 ہزار رعایتی سولر سسٹم کی تقسیم کا اعلان

صوبائی حکومت کا 2 لاکھ 75 ہزار رعایتی سولر سسٹم کی تقسیم کا اعلان

سندھ حکومت کا متوسط طبقے کیلئے بڑے سولر پروگرام کا اعلان، 2لاکھ 75ہزار گھریلو سولر سسٹمز تقسیم کیے جائیں گے۔

سندھ حکومت نے صوبے میں توانائی کے شعبے میں ایک بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے متوسط طبقے کے لیے رعایتی سولر فنانسنگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اعلان کے تحت صوبے بھر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 75ہزار گھریلو سولر سسٹمز تقسیم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بجلی کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران اس اہم منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس پروگرام پر تقریباً 18 ارب روپے خرچ کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ توانائی کے بحران سے نمٹنے اور عوام کو متبادل اور ماحول دوست توانائی کی طرف منتقل کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں :گھروں کے لیے مفت سولر سسٹم منصوبے کی منظوری

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس سے قبل حکومت سندھ کی جانب سے غریب اور مستحق گھرانوں کو مفت سولر سسٹمز فراہم کیے جا چکے ہیں، جس سے ہزاروں خاندان فائدہ اٹھا چکے ہیں، اب اس نئے مرحلے میں متوسط طبقے کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بھی کم لاگت اور آسان اقساط پر سولر توانائی حاصل کر سکیں۔

اس منصوبے کے تحت فراہم کیے جانے والے سولر سسٹمز گھریلو ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جن میں پنکھے، بلب اور دیگر بنیادی برقی آلات شامل ہیں، حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کے بلوں میں کمی آئے گی بلکہ قومی گرڈ پر بھی دباؤ کم ہوگا۔

اگر یہ منصوبہ مؤثر طریقے سے نافذ کیا گیا تو اس سے صوبے میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی ،سندھ حکومت کا یہ قدم ملک میں توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں خاندانوں کی زندگیوں میں آسانی آنے کی توقع ہے۔

editor

Related Articles