ایزی پیسہ کا صارفین کے نام اہم پیغام جاری

ایزی پیسہ کا صارفین کے نام اہم پیغام جاری

ایزی پیسہ نے اپنے مستقبل اور خدمات کے تسلسل سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمپنی مکمل طور پر فعال، محفوظ اور پاکستان میں مالی شمولیت کے اپنے مشن کے لیے پرعزم ہے۔

ایزی پیسہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر اس کے بند ہونے یا خدمات متاثر ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔ کمپنی نے واضح کیا کہ ایزی پیسہ نہ صرف اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں صارفین کو ڈیجیٹل مالی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

بیان کے مطابق ایزی پیسہ نے 2008 میں پاکستان کے پہلے موبائل والٹ کے طور پر آغاز کیا تھا اور گزشتہ کئی برسوں کے دوران لاکھوں پاکستانیوں کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور جدید مالیاتی خدمات فراہم کی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ 2025 میں پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کرنے کے بعد اس نے صارفین کے لیے مزید جدید سہولیات متعارف کرائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایزی پیسہ پر کو ن سے موبائل نیٹ ورکس کا اکائونٹ بنانے کی اجازت ہے؟

ایزی پیسہ نے کہا کہ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ضوابط کے تحت کام کر رہا ہے اور صارفین کے فنڈز مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس وقت پاکستان بھر میں اس کے 6 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ صارفین موجود ہیں جو روزمرہ مالی لین دین، بل ادائیگیوں، موبائل بینکنگ اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کے لیے اس پلیٹ فارم پر انحصار کرتے ہیں۔

بیان میں حالیہ سروس تعطل کا بھی ذکر کیا گیا، جس کے بارے میں کمپنی نے کہا کہ یہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔ ایزی پیسہ نے صارفین کو درپیش مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کر لیا گیا تھا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے نظام کی کارکردگی، استحکام اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

کمپنی نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ صارفین کا اعتماد اس کی اولین ترجیح ہے اور وہ پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے فروغ اور مالی شمولیت کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل صارفین کے لیے خوشخبری، ڈیٹا اور بیلنس کے غیر ضروری استعمال سے بچنے کا آسان طریقہ متعارف

Related Articles