ترک شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایجے ارتم 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، جس کی خبر نے فنکار برادری اور مداحوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، اداکارہ نے مقبول ڈرامہ سیریل میں اپنے کردار کے باعث بے حد شہرت حاصل کی تھی اور انہیں ترکی کی ابھرتی ہوئی باصلاحیت اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایجے ارتم اپنے گھر میں اپنی والدہ کے ساتھ موجود تھیں کہ اچانک انہیں طبی طور پر شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا اور وہ بے ہوش ہو گئیں۔ فوری طور پر انہیں بچانے کی کوشش کی گئی مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں،ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت کی ممکنہ وجہ دل کا دورہ بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی نتیجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گا۔
ان کے وکیل کے مطابق کچھ سوشل میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اداکارہ نے خودکشی کی ہے، تاہم انہوں نے ان تمام خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات درست نہیں اور اصل وجہ جاننے کے لیے سرکاری تحقیقات جاری ہیں۔
ایجے ارتم نے حال ہی میں اپنی پینتیسویں سالگرہ منائی تھی اور اس کے اگلے ہی روز ان کے انتقال کی خبر نے مداحوں کو مزید افسردہ کر دیا ان کی اچانک وفات کو شوبز حلقوں میں ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
اداکارہ کی پیدائش14جون1991 کو ترکی کے شہر سیواس میں ہوئی انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے دوران اوپیرا اور گلوکاری کے شعبے میں تربیت حاصل کی اور بعد ازاں استنبول میں اداکاری کی باقاعدہ تعلیم بھی مکمل کی شوبز کی دنیا میں انہوں نے محنت اور لگن سے اپنی پہچان بنائی۔
انہیں سب سے زیادہ شہرت ایک معروف ڈرامہ سیریل میں اشیل کے کردار سے ملی، جس نے انہیں بے پناہ مقبولیت دلائی ان کے اس کردار کو ناظرین نے بے حد پسند کیا اور وہ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں،ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور فنکاروں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔