پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کا نیا گانا ’’آرزو‘‘ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر رہا ہے، تاہم گانے کی کامیابی کے ساتھ ایک دلچسپ بحث بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
عاصم اظہر نے حال ہی میں’’آرزو‘‘ کے نام سے اپنا نیا گانا جاری کیا، جسے انہوں نے خان، مادھورکسو اور نور کے ساتھ مل کر گایا ہے۔ گانے کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس کے کلپس تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
گانے سے متعلق قیاس آرائیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب عاصم اظہر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گانے کی ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں شامل ایک مختصر لائن’’پھر سے بولو‘‘ نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ جملہ اداکارہ ہانیہ عامر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بعض مداحوں نے تبصروں میں نہ صرف اپنی رائے کا اظہار کیا بلکہ ہانیہ عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے اس بارے میں سوالات بھی اٹھائے۔
سوشل میڈیا پر جاری بحث کے باوجود تاحال عاصم اظہر یا ہانیہ عامر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث مداحوں میں تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے تعلقات اور دوستی میڈیا اور سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرتے رہے ہیں، جس کی وجہ سے گانے میں سنائی دینے والی آواز سے متعلق قیاس آرائیاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔
تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ’’پھر سے بولو‘کی لائن واقعی ہانیہ عامر نے ریکارڈ کرائی ہے یا نہیں اور مداح اب دونوں شخصیات کی جانب سے ممکنہ وضاحت کے منتظر ہیں۔