ہالی ووڈ کی مشہور فلموں ٹاپ گن، میورک اور جمانجی میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے 81 سالہ اداکار جیمز ہیںڈی قتل کر دیے گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کو ان کی گرل فرینڈ کے 44 سالہ بیٹے مائیکل گلیڈہل نے چاقو کے وار کرکے قتل کیا۔ واقعہ امریکی شہر تارزانا میں پیش آیا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق 3 جون کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے پولیس کو ایروِن اسٹریٹ کے ایک گھر سے ہنگامی کال موصول ہوئی۔ کال کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا،’میں خدا کا بیٹا ہوں، میں نے گناہ کے آدمی کو مار دیا ہے۔‘
پولیس جب موقع پر پہنچی تو جیمز ہینڈی گھر کے سامنے والے حصے میں بے ہوش حالت میں پڑے تھے اور ان کے سینے پر چاقو کا گہرا زخم تھا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے خود ہی قریب موجود اہلکاروں کو روک کر بتایا کہ وہی وہ شخص ہے جس کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی والدہ کے ساتھ اسی گھر میں رہتا تھا، جبکہ مقتول ان کی والدہ کے قریبی ساتھی تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ایک الگ تھلگ واقعہ معلوم ہوتا ہے اور عوام کو کسی فوری خطرے کا سامنا نہیں۔ملزم مائیکل گلیڈہل کو گرفتار کرکے وین نائس جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
جیمز ہینڈی نے اپنے طویل کیریئر کے دوران متعدد فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔ انہیں خاص طور پرٹاپ گن، میورک اور جمانجی آرچنفوبیااوردی راکیٹیرمیں اداکاری کے باعث شہرت حاصل ہوئی۔