قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنی دوسری شادی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔
عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی پہلی شادی کامیاب نہیں رہ سکی، جو ان کی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت کے باوجود انہیں اپنے بچوں کی صورت میں زندگی کی سب سے بڑی خوشی ملی، جن سے وہ بے حد محبت کرتے ہیں اور یہ محبت ہمیشہ قائم رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ طویل عرصے تک صبر اور امید کے ساتھ اپنے ازدواجی رشتے کو بچانے کی کوشش کرتے رہے کیونکہ وہ ان چیزوں کو محفوظ رکھنا چاہتے تھے جو ان کے لیے سب سے زیادہ اہم تھیں۔
تاہم اس دوران انہوں نے کچھ ایسے فیصلے بھی کیے جن پر انہیں افسوس ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان کی خاموشی اور تاخیر کی وجہ سے ایک بے قصور شخص کو غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں۔
اپنی نئی ازدواجی زندگی کے حوالے سے عماد وسیم نے بتایا کہ انہوں نے اللہ کے فضل اور اپنے والدین کی رہنمائی میں نائلہ سے نکاح کر لیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مکمل سوچ بچار اور واضح ارادے کے ساتھ کیا گیا ہےایک نئی زندگی کا آغاز کیا جا سکے جو سکون، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی ہو۔
عماد وسیم کے مطابق نائلہ ان کی زندگی میں وقار، سکون اور توازن کا باعث بنی ہیں اور وہ اس نئے سفر کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پُرامید ہیں۔