پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار، حد بندی رولز کی منظوری

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار، حد بندی رولز کی منظوری

پنجاب کابینہ نے بلدیاتی اداروں کی حد بندیوں کے رولز کی منظوری دے کر صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سپرد کر دیا گیا ہے جو نئے قواعد و ضوابط کے تحت انتخابی حلقوں کی تشکیل نو کرے گا۔

محکمہ بلدیات کی جانب سے الیکشن رولز پنجاب کابینہ کو ارسال کیے گئے تھے جنہیں منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن کی صورت جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حد بندیوں کا عمل آبادی، جغرافیائی حدود اور انتظامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے گا تاکہ ہر یونین کونسل اور بلدیاتی حلقہ متوازن نمائندگی کا حامل ہو۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن سے اہم خبر آگئی

میڈیا رپورٹ کے مطابق حد بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری ہونے کے بعد اعتراضات اور تجاویز جمع کرانے کیلئے مخصوص مدت دی جائے گی۔ شہری اور متعلقہ امیدوار مقررہ فارم پر اپنے اعتراضات جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا طریقہ کار بھی رولز میں واضح کیا گیا ہے، جس کے تحت امیدوار متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں مقررہ فیس اور مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ درخواست جمع کرائیں گے۔

رولز کے مطابق اگر کسی امیدوار کے کاغذات مسترد ہوتے ہیں تو وہ مقررہ مدت کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق رکھے گا۔ اپیل متعلقہ اپیلیٹ اتھارٹی کے پاس جمع کرائی جائے گی جو قانونی نکات کا جائزہ لے کر فیصلہ سنائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پورے عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے واضح ٹائم لائن بھی دی جائے گی تاکہ انتخابی شیڈول میں تاخیر نہ ہو۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی صوبے میں نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کی جانب اہم قدم ہے۔ نئی حد بندیوں کے بعد دیہی اور شہری علاقوں میں نمائندگی کے تناسب میں ممکنہ تبدیلی بھی زیر بحث ہے، جس پر مختلف جماعتیں اپنی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ بلدیاتی نظام کو مؤثر اور بااختیار بنایا جائے گا تاکہ مقامی مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں۔ دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ حد بندیوں کا عمل شفاف انداز میں مکمل ہونا آئندہ بلدیاتی انتخابات کی ساکھ کیلئے نہایت اہم ہوگا۔

صوبے بھر میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور ممکنہ امیدواروں نے رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اب نگاہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے باقاعدہ انتخابی شیڈول پر مرکوز ہیں، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان متوقع ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *