آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کے تجربہ کار وکٹ کیپراور سابق کپتان محمد رضوان کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آسڑیلیا کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے سلیکشن کمیٹی کوچ مائیک ہیسن اور کپتان شاہین شاہ آفریدی کے درمیان مشاورت کے بعد جس ٹیم کو منتخب کیا جارہا ہے ، اس میں تجربہ کار وکٹ کیپر اور سابق کپتان محمد رضوان کی شمولیت مشکل نظر آرہی ہے ۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن ٹی 20 کے بعد ون ڈے کرکٹ میں بھی محمد رضوان کی شمولیت کے حق میں نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز کیمپ میں مرزا سعد بیگ اور عثمان خان 2 وکٹ کیپرز ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بنگلادیش میں ون ڈے سیریز کھیلنے والے غازی غوری کو بھی اس نئی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کی ون ڈے سیریزکا آغاز 30 مئی سے ہورہا ہے ، آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے، ون ڈے سیریز کے میچز 30 مئی، 2 اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں ٹریننگ کرے گی اور ایک پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔