پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد شدید دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد ان کے بطور کپتان مستعفی ہونے کے امکان ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
دسمبر 2023 میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے شان مسعودکو ابتدا ہی سے کارکردگی کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا ہے، ان کی زیر قیادت پاکستان نے اب تک 16 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، جن میں صرف 4 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 12 میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ، یہ اعداد و شمار ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور کپتانی کے فیصلوں پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ، میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔
سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 437 رنز کا بڑا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 358 رنز ہی بنا سکی اور 78 رنز سے شکست سے دوچار ہو گئی ، اس شکست نے ٹیم کے بیٹنگ لائن اپ اور حکمت عملی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
بنگلہ دیش کی حالیہ کامیابی ٹیسٹ کرکٹ کی اہم ترین کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے، جہاں میزبان ٹیم نے بیٹنگ، فاسٹ بولنگ اور اسپن بولنگ تینوں شعبوں میں پاکستان کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی اس وقت شان مسعود ایکس پر ٹاپ ٹرینڈ ہیں ، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی کارکردگی اور بنگلہ دشی کیخلاف شکست پر خاصی ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے کچھ لوگ فوری تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ انہیں مزید وقت دیا جانا چاہیے۔
اس صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ممکنہ حکمت عملی اور آئندہ فیصلے انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں، کیونکہ ٹیم کی مسلسل ناکامیوں نے نہ صرف کارکردگی بلکہ مستقبل کی منصوبہ بندی پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔