وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا ایک اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں ملکی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم کابینہ اراکین کو خطے میں جاری پیش رفت، سیکیورٹی خدشات اور پاکستان پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
اجلاس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اس حوالے سے اب تک ہونے والے رابطوں اور پیش رفت سے کابینہ کو آگاہ کریں گے، جس میں پاکستان کے ممکنہ کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک جانیوالے پاکستانیوں کیلئے پروازوں سے متعلق اہم خبر
دوسری جانب اجلاس میں ملک کی توانائی صورتحال بھی ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگی۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر، سپلائی چین اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کیے جانے والے فیصلے نہ صرف موجودہ علاقائی صورتحال کے اثرات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ ملک کی معاشی اور توانائی پالیسی کے حوالے سے بھی اہم سمت کا تعین کریں گے۔

