پاکستانی اداکارہ ڈانانیر مبین اپنی آنے والی فلم میرا لیاری کی پروموشن میں مصروف ہیں، جو کراچی کے علاقے لیاری کے پس منظر میں بنائی گئی ایک اسپورٹس فلم ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری ابو علیحہ نے کی ہے جبکہ اسے وقاص حسن رضوی اور ثانیہ سہیل نے پروڈیوس کیا ہے۔ ایگزیکٹو پروڈیوسر عائشہ عمر ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں عائشہ عمر، سمیہ ممتاز، نیئر اعجاز، ٹرینیٹ لوکاس، پارس مسرور، عدنان شاہ ٹیپو اور شعیب حسن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم 8 مئی 2026 کو ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی اور اس میں لیاری کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور حقیقی زندگی کے پہلوؤں کو دکھایا گیا ہے۔
فلم کی پروموشن کے سلسلے میں ڈانانیر مبین اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اپنی نئی تصاویر شیئر کیں۔ ان کے حالیہ لک میں گری کلر کا ٹو پیس ٹوئڈ سیٹ شامل تھا، جس کے ساتھ سیاہ شفاف ٹائٹس بھی نظر آئیں۔یہ اسٹائل جدید فیشن برانڈز کے موجودہ ٹرینڈز سے ملتا جلتا بتایا جا رہا ہے، تاہم اس لک پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔
کچھ صارفین نے ان کے لباس پر سخت تنقید کی اور اسے غیر مناسب قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ میڈیا شخصیات کو اپنے لباس کے انتخاب میں زیادہ محتاط ہونا چاہیے۔ دوسری طرف کچھ صارفین نے اسے ایک عام فیشن اسٹائل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ضرورت سے زیادہ موضوع نہیں بنانا چاہیے۔
ڈانانیر مبین کے یہ تصاویر وائرل ہونے کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ فنکاروں کے فیشن اور ذاتی انتخاب کو کس حد تک عوامی تنقید کا سامنا ہونا چاہیے۔