پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ ان کی فلم میرا لیاری بالی وڈ کی متنازع فلم دھریندر سے پہلے شوٹ کی جا چکی تھی اور دونوں کا تقابل درست نہیں۔
حال ہی میں عائشی عمر نے جیونیوز کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں میزبان مبشر ہاشمی کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بالی وڈ فلم پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا لیاری کی شوٹنگ اس وقت مکمل ہو چکی تھی جب دھریندر ریلیز بھی نہیں ہوئی تھی اس لیے دونوں فلموں کو ایک دوسرے سے جوڑنا مناسب نہیں۔
انہوں نے دھریندر کو ایک پروپیگنڈا فلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں پاکستان کے بارے میں غلط تاثر پیش کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایسی فلمیں حقیقت کو مسخ کرتی ہیں اور یک طرفہ کہانی دکھاتی ہیں۔
اس کے برعکس میرا لیاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں لیاری کی اصل تصویر دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ’’ہم نے نہ کچھ بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور نہ ہی کوئی جھوٹا بیانیہ بنایا۔ جو مسائل وہاں موجود ہیں، انہیں حقیقت کے مطابق دکھایا گیا ہے۔‘‘
عائشہ عمر کا مزید کہنا تھا کہ فلم کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ معاشرتی حقیقت کو سامنے لانا بھی ہے تاکہ ناظرین کو لیاری جیسے علاقوں کی اصل صورتحال کا اندازہ ہو سکے۔