میرج سرٹیفکیٹ کے حصول میں بڑی آسانی، نئی سہولت متعارف کر دی گئی

میرج سرٹیفکیٹ کے حصول میں بڑی آسانی، نئی سہولت متعارف کر دی گئی

 پنجاب میں میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے جس کے تحت شہری اب کم وقت اور کم مراحل میں اپنی شادی کی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ اس اقدام کو شہری خدمات میں بہتری اور جدید نظام کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں قائم 15 ای خدمت مراکز پر میرج سرٹیفکیٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد شہریوں کو تیز، محفوظ اور آسان خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ پرانے اور پیچیدہ طریقہ کار کو ختم کیا جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :میرج اسٹیٹس میں تبدیلی کے لیے نادرا کی اہم ہدایات

نئی سہولت کے تحت شہری بغیر کسی مشکل کے اپنی شادی کی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ یہ مراکز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے جہاں عملہ شہریوں کو مکمل رہنمائی فراہم کرے گا تاکہ کسی بھی مرحلے میں دشواری پیش نہ آئے۔

مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے شہری سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے بھی رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ ہیلپ لائن 1317 بھی فعال کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس نئے نظام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے بھی نجات ملے گی۔

 یہ بھی پڑھیں :یونین کونسل سے میرج سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ کار جانئے

اس سے قبل میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے شہریوں کو یونین کونسلز کے ذریعے طویل اور پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا تھا جس میں دستاویزات کی تصدیق، اندراج، دستخط اور مختلف دفاتر میں بار بار حاضری شامل ہوتی تھی۔ اس عمل میں کئی بار تاخیر اور انتظامی پیچیدگیوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا تھا۔

حالیہ برسوں میں حکومت کی جانب سے سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات تیز کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولتیں میسر آ سکیں۔ ای خدمت مراکز کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد عوامی خدمات کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف انتظامی نظام بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کا اعتماد بھی سرکاری اداروں پر مزید مضبوط ہوگا۔

editor

Related Articles