امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 4 جولائی تک تجارتی معاہدہ طے نہ پایا تو بھاری ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ اس اعلان کے بعد امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے جمعرات کے روز اپنے بیان میں کہا کہ یورپی یونین کو امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ 4 جولائی تک منظور کرنا ہوگا، بصورت دیگر اسے انتہائی زیادہ محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یورپی قانون ساز ادارے اور حکومتیں مجوزہ معاہدے پر مکمل اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
ٹرمپ نے یورپی کمیشن کی صدر سے گفتگو کے بعد اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ انہیں امریکا کے قیام کی 250ویں سالگرہ تک مہلت دی گئی ہے، اور اگر معاہدہ نہ ہوا تو ٹیرف فوری طور پر بڑھا دیے جائیں گے۔
یہ صورتحال دونوں خطوں کے درمیان پہلے سے موجود تجارتی اختلافات کو مزید سنگین بنا سکتی ہے، کیونکہ امریکا اور یورپی یونین کئی معاشی معاملات پر پہلے ہی اختلافات کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر یورپ سے درآمد ہونے والی کاروں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان بھی کر چکے ہیں، جس کے بعد تجارتی تعلقات مزید دباؤ میں آ گئے تھے۔