ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں ہیٹ ویو کے اثرات بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جنوبی پنجاب، بالائی سندھ، مشرقی اور جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ،آئندہ دنوں میں درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے جس سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
جمعرات کے روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اسی طرح تربت، موہنجودڑو اور لاڑکانہ میں بھی درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مئی اور جون کے مہینوں میں جنوبی ایشیا کے کئی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر عام ہوتی ہے، تاہم اس سال بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ہیٹ ویو کے اثرات مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔