بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں اداکار سے سیاستدان بننے والے جوزف وجے کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد اداکارہ تریشا کرشنن ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں تریشا کی موجودگی نے پہلے ہی سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی تھی، جہاں وہ وجے کے والدین کے ساتھ بھی دیکھی گئیں۔ اس موقع پر لی گئی تصاویر تیزی سے وائرل ہوئیں۔
بعد ازاں پیر کے روز تریشا نے انسٹاگرام پر اپنی پہلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے تقریب کی تصاویر کے ساتھ ایک جملہ لکھا، محبت ہمیشہ گرج دار اور اس کی گونج زیادہ ہوتی ہے۔ اسی کیپشن نے صارفین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی اور مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے اس جملے کو وجے کے ساتھ ان کے تعلقات سے جوڑ کر دیکھا جانے لگا، جس کے بعد بحث مزید تیز ہو گئی۔تقریب کے دوران تریشا اپنی والدہ کے ہمراہ موجود تھیں جبکہ وہ وجے کی تقریر کے دوران جذباتی بھی دکھائی دیں اور تالیاں بجنے کے وقت آنکھوں میں آنسو لیے مسکراتی نظر آئیں۔
ایک وائرل تصویر میں انہیں وجے کی والدہ کو گلے لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا جس نے قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی۔واضح رہے کہ وجے اور تریشا ماضی میں بھی کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں اور ان کے تعلقات سے متعلق افواہیں پہلے بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش رہی ہیں۔تاہم دونوں کی جانب سے ان خبروں پر کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔