واریٹی کے مطابق اسٹوڈیو نے کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد اب نئے جیمز بانڈ کے کردار کے لیے اداکاروں کے آڈیشنز شروع کر دیے ہیں۔ ڈینیئل کریگ کے بعد 007 کا کردار کون سنبھالے گا، اس پر کافی عرصے سے بحث جاری ہے۔
نئی فلم کی ہدایت کاری ڈینس ویلنُوو کریں گے، جو ڈون، بلیڈ رنر 2049 اور ایریول جیسی بڑی فلموں کی وجہ سے مشہور ہیں۔14 مئی 2026 کو جاری بیان میں ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے کاسٹنگ کے عمل کی تصدیق تو کی، لیکن ممکنہ امیدواروں کے نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔
اسٹوڈیو نے کہا، ’’نئے جیمز بانڈ کی تلاش جاری ہے۔ ہم کاسٹنگ کے دوران تفصیلات پر تبصرہ نہیں کریں گے‘‘ لیکن 007 کے مداحوں کے ساتھ جلد مزید خبریں شیئر کرنے کے منتظر ہیں۔”
یہ اعلان اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ڈینیئل کریگ کی آخری فلم نو ٹائم ٹو ڈائی کے بعد اب فرنچائز ایمیزون ایم جی ایم کی نگرانی میں نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف کاسٹنگ ڈائریکٹر نینا گولڈ بھی اس پروجیکٹ کا حصہ بن گئی ہیں، جو نئے جیمز بانڈ کی تلاش کی نگرانی کریں گی۔ وہ گیم آف تھرونز، دی کراؤن، اسٹار وارز دی فورس اویکنز، دی مارٹین اور کونکلیو جیسے بڑے پروجیکٹس کے لیے مشہور ہیں۔
اگرچہ حالیہ مہینوں میں کئی اداکاروں کے نام زیرِ گردش رہے ہیں، لیکن ابھی تک کسی بھی اداکار کو واضح طور پر فرنٹ رنر قرار نہیں دیا گیا۔نئی جیمز بانڈ فلم کو فرنچائز کے ایک نئے دور کی شروعات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور مداح آئندہ مہینوں میں مزید کاسٹنگ اور پروڈکشن اپ ڈیٹس کے منتظر ہیں۔