پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت اور قدرتی حسن کے باعث ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ طویل عرصے تک افغانستان جنگ اور دہشت گردی کے تناظر میں خبروں میں رہنے کے بعد اب ملک میں صورتحال بہتر ہونے لگی ہے اور سیاحت میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
حالیہ دنوں میں کئی معروف غیر ملکی ٹریول یوٹیوبرز اور کانٹینٹ کریئیٹرز پاکستان آئے اور کراچی سمیت مختلف شہروں کی سیر کی۔ ان میں کیرن براؤن اور لوک ڈامانٹ جیسے نام شامل ہیں جنہوں نے اپنے تجربات سوشل میڈیا پر شیئر کیے۔
ان تخلیق کاروں نے پاکستان کی مہمان نوازی، لوگوں کے رویے اور شہری زندگی کو خوب سراہا۔ کراچی میں ان کا وقت خوشگوار گزرا اور انہوں نے شہر کے مختلف مقامات کی جھلکیاں بھی اپنے ویڈیوز میں دکھائیں۔
سوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کو خوب پذیرائی مل رہی ہے اور صارفین پاکستان کے مثبت امیج پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ غیر ملکیوں کو پاکستان آ کر یہاں کی خوبصورتی ضرور دیکھنی چاہیے۔ ایک اور تبصرہ تھا کہ کراچی میں مہمانوں کا استقبال واقعی شاندار تھا۔ جبکہ کئی صارفین نے کہا کہ ایسے مثبت تجربات پاکستان کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لاتے ہیں۔
یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان اب آہستہ آہستہ ایک بار پھر عالمی سیاحت کے نقشے پر اپنی جگہ مضبوط کر رہا ہے۔