ایران نے برکس ممالک سے امریکا اور اسرائیل کی مشرقِ وسطیٰ میں جنگی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر کُھل کر مذمت کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے برکس پلس اجلاس میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران غیر قانونی توسیع پسندی اور جنگی کارروائیوں کا شکار ہے، انہوں نے برکس ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے اقدامات کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنائیں۔
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار ہے جس سے عالمی تیل کی ترسیل اور معیشت متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، کئی ممالک شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ برکس میں برازیل، روس، انڈیا، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں تاہم 2024 میں روس کے شہر قازان میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کے دوران اس کی رکنیت میں توسیع کی گئی تھی ، نئے اراکین میں مصر، ایتھوپیا، ایران، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کو شامل کیا گیا۔
برکس کا مقصد عالمی گورننس میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کے اثر و رسوخ کو بڑھانا ہےبرکس کے 2026ء کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھارت کر رہا ہے۔
برکس اجلاس میں ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ایسے ممالک شریک ہیں جن کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کی جنگ پر اختلافات موجود ہیں جس کے باعث مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے پر بھی سوالات اُٹھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ برکس گروپ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد سے جنگ کے معاملے پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے میں ناکام رہا ہے۔