وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورہ ایران کے دوران ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی، دوطرفہ تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے حالیہ کشیدہ صورتحال اور جنگی ماحول کے دوران پاکستان کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ حالیہ واقعات نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ خطے میں امریکی موجودگی سکیورٹی کے فقدان اور عدم استحکام کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔
ایرانی اسپیکر نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو بیرونی طاقتوں پر انحصار کے بجائے باہمی اعتماد اور تعاون کے ذریعے سیاسی اور سکیورٹی روابط مضبوط بنانے چاہییں تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایران کے مفادات کے تحفظ اور مسائل کے سفارتی حل کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حالات کے بعد ایران اور پاکستان کے عوام پہلے سے زیادہ قریب ہوئے ہیں جبکہ پاکستانی عوام ایرانی حکومت اور عوام کی کامیابی اور استحکام کے لیے دعاگو ہیں۔
محسن نقوی کا یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ کارروائیوں کے امکانات پر بات کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے بجائے سفارتی حل کا حامی ہے اور اسی تناظر میں اسلام آباد مسلسل اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔