وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حجاج کرام پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے بابرکت موقع پر دنیا بھر میں امن، استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔
سعودی عرب میں میدانِ عرفات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت انتظامات کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جاری کیا گیا حج کوٹہ مکمل طور پر استعمال کیا گیا اور اس سال بڑی تعداد میں پاکستانی عازمین فریضۂ حج ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاج کرام اس مقدس موقع پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عالمی امن کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔
سردار محمد یوسف نے سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کیلئے کیے گئے انتظامات کو سر ہاتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام نے عازمین حج کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین کو بہتر رہائش، سفری سہولیات اور دیگر ضروری خدمات فراہم کی گئیں تاکہ وہ عبادات سکون اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں