دہائیوں اقتدار کے مزے ، اب احتساب سے گریز کیوں؟ فضل الرحمان کی طرز سیاست پر سوالات اٹھ گئے

دہائیوں اقتدار کے مزے ، اب احتساب سے گریز کیوں؟ فضل الرحمان کی طرز سیاست پر سوالات اٹھ گئے

دہائیوں سے ملکی اقتدار کی سیاست کا حصہ رہنے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی حکمت عملی، مالی معاملات اور جوابدہی کے حوالے سے سیاسی حلقوں اور ناقدین کی جانب سے ایک بار پھر سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں ، مختلف ادوار میں حکومتی اتحادوں کا حصہ رہنے اور اقتدار کے ثمرات سمیٹنے والی قیادت جب خود احتساب کے کٹہرے میں آتی ہے تو دستاویزی ثبوت پیش کرنے کے بجائے سیاسی انتقام کا بیانیہ اختیار کر لیتی ہے۔

پاکستانی سیاست میں مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کرداراس وقت ڈھکا چھپانہیں رہا ،اقتدار سے چمٹے رہنے اور سیاسی مفاہمت کرنے کے بعد جب مالی شفافیت اور جوابدہی کی بات آتی ہے، تو ان کی جماعت کا بیانیہ عوامی سوالات کے بجائے سیاسی دباؤ کے گرد گھومنے لگتا ہے۔

سیاسی حکمتِ عملی یا دوہرا معیار؟

سیاسی و عوامی حلقوں  کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے ماضی میں مختلف حکومتوں کے ساتھ شراکتِ اقتدار کی اور اہم پارلیمانی عہدوں پر فائز رہی،ناقدین اس طرزِ سیاست کو اصولی مؤقف کے بجائے حالات کے مطابق سیاسی مفادات کے حصول سے تعبیر کرتے ہیں، جبکہ جماعت کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ ان کے تمام فیصلے ملکی مفاد، جمہوری استحکام اور سیاسی اصولوں کے تابع ہوتے ہیں تاہم  جو قیادت اقتدار کی تقسیم میں حصہ دار رہی ہو، اسے عوامی سطح پر اٹھنے والے سوالات کا سامنا بھی کرنا چاہیے۔

اثاثوں اور طرزِ زندگی پر اٹھتے اعتراضات

مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان کے مالی معاملات، جائیدادوں اور رہائش گاہوں کے حوالے سے سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں وقتاً فوقتاً بحث چھڑتی رہتی ہے ، ناقدین کی جانب سے یہ نکتہ اٹھایا جاتا ہے کہ اسلام آباد کے مہنگے علاقوں میں رہائش، قیمتی گاڑیوں اور طرزِ زندگی کا موازنہ ان کے ظاہر کردہ ذرائع آمدن سے کیا جانا چاہیے،  مبصرین کے مطابق اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے سیاسی بیانات کے بجائے دستاویزی شواہد اور شفاف مالی ریکارڈ سامنے لانا زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

خاندانی اثرورسوخ اور سرکاری وسائل کا استعمال

پاکستان کی دیگر روایتی سیاسی جماعتوں کی طرح فضل الرحمان پر بھی خاندانی سیاست کو فروغ دینے میں پیش پیش رہے ہیں ،  ناقدین کے مطابق سرکاری اداروں میں تقرریوں، اختیارات کے استعمال اور عوامی وسائل کی تقسیم میں سیاسی اثرورسوخ کے مبینہ عمل دخل پر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، تاکہ سرکاری عہدوں اور خزانے کے غیر جانبدارانہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

مدارس کی اراضی اور قانونی شفافیت

دینی مدارس سے وابستہ اراضی اور سرکاری زمینوں کے حصول سے متعلق سامنے آنے والی شکایات بھی ناقدین کی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں،  مبصرین کا کہنا ہے کہ دینی اداروں کا احترام اپنی جگہ مسلمہ ہے، لیکن اگر کسی ادارے یا شخصیت پر سرکاری اراضی کے قواعد کے برخلاف استعمال کا الزام ہو، تو قانون کی بالادستی کے لیے اس کی غیر جانبدارانہ جانچ ضروری ہے۔

یکساں احتساب کا مطالبہ

سیاسی و عوامی حلقوں کا کہناہے کہ  پاکستانی سیاست کا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ احتساب کا نعرہ عموماً سیاسی مخالفین کے لیے بلند کیا جاتا ہے، جبکہ خود پر سوال اٹھنے کی صورت میں اسے انتقامی کارروائی قرار دے دیا جاتا ہے ، جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی قائدین احتساب کے عمل کو سیاسی بیانیے کے بجائے قانونی اور دستاویزی جوابدہی کے ذریعے تسلیم کریں۔

editor

Related Articles