وڈیرہ شاہی کی ڈھال بننے کا کھیل پکڑا گیا، سندھ میں کارکنوں کو احتجاج پر لگا کر فضل الرحمان نے دوغلا پن ثابت کر دیا

وڈیرہ شاہی کی ڈھال بننے کا کھیل پکڑا گیا، سندھ میں کارکنوں کو احتجاج پر لگا کر فضل الرحمان نے دوغلا پن ثابت کر دیا

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی سیاسی ترجیحات اور دوہرے معیار نے ایک مرتبہ پھر عوامی اور سیاسی حلقوں میں کئی سنگین سوالات کو جنم دے دیا ہے، جہاں ایک طرف ان کا اپنا آبائی صوبہ خیبر پختونخوا شدید بدامنی، دہشت گردی اور سرحدی دراندازی کی لپیٹ میں ہے اور سیکیورٹی فورسز کے جوان آئے روز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، تو دوسری طرف جے یو آئی (ف) اپنے صوبے کے عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کے بجائے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی “بی ٹیم” بن کر نئے صوبوں کی مخالفت میں سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے۔

سیاسی مبصرین، تجزیہ کاروں اور خیبر پختونخوا کے عوامی حلقوں کی جانب سے یہ چبھتا ہوا سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آخر فضل الرحمان کس کا ایجنڈا چلا رہے ہیں؟

 کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کو سڑکوں پر نکال کر ٹریفک بلاک کرانا اور نئے انتظامی یونٹس کے خلاف نعرے بازی کرانا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ فضل الرحمان اپنی سیاسی بقا اور احتساب سے بچنے کے لیے اب پیپلز پارٹی اور سندھ کی وڈیرہ شاہی کے مفادات کا تحفظ کرنے میدان میں اتر آئے ہیں۔

 یہ تضاد انتہائی حیران کن اور افسوسناک ہے کہ جب خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ اور کرم میں دہشت گردوں کے حملے ہوتے ہیں، پولیس اہلکار اور فوجی جوان جامِ شہادت نوش کرتے ہیں اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہوتے ہیں، تو فضل الرحمان اور ان کی جماعت کو سانپ سونگھ جاتا ہے اور نہ ہی کبھی دہشت گردوں کے خلاف کوئی احتجاجی ریلی نکالی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غریب کارکنوں کو آگ میں جھونک کر خود محفوظ پناہ گاہ میں چھپ بیٹھے، فضل الرحمان کی موقع پرست قیادت بے نقاب

 اس کے برعکس جیسے ہی سندھ میں بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی 18 سالہ اجارہ داری کو نئے صوبوں یا ریفرنڈم کی بحث سے خطرہ لاحق ہوا، تو فضل الرحمان نے فوری طور پر اپنی جماعت کو سندھ کی سڑکوں پر اتار دیا تاکہ پیپلز پارٹی کے صوبائی قلعے (فیفڈم) کو بچایا جا سکے۔

 خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے دہائیوں سے جس جماعت کو ووٹ اور مدارس کے طلبہ کی طاقت فراہم کی، آج مشکل گھڑی میں اسی جماعت کی قیادت اپنے صوبے کے شہداء اور متاثرہ خاندانوں کو بے یار و مددگار چھوڑ کر سندھ کے جاگیرداروں کی ترجمانی کر رہی ہے۔

 ایک طرف فضل الرحمان خود ایف سی کی سیکیورٹی واپس ہونے اور فرنٹ مین کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد پشاور کے مرکز کی چار دیواری میں محصور ہو کر بیٹھے ہیں، تو دوسری طرف معصوم کارکنوں کو سندھ میں غلط سیاسی ایجنڈے پر لگا کر عوام کے لیے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاست میں نظریات اور عوامی خدمت کے دعوے کرنے والے فضل الرحمان کا یہ دوہرا کردار اب مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے۔ اپنے صوبے کے زخموں پر خاموش رہنا اور دوسروں کی کرپشن و اجارہ داری بچانے کے لیے سندھ میں سڑکیں بند کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اس سیاست کا مقصد عوام کو ریلیف دینا نہیں بلکہ ذاتی و خاندانی مفادات کے تحفظ کے لیے نئے سیاسی سودے کرنا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles