رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلیم ‘فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ’ میں ورلڈ نمبر ون اور ٹاپ سیڈ جینیک سنر دوسرے راؤنڈ میں غیر متوقع شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے ، ٹینس کی دنیا کے اس بڑے اپ سیٹ نے نہ صرف مداحوں کو چونکا دیا بلکہ ٹورنامنٹ کے اگلے مراحل کو بھی دلچسپ بنا دیا ہے۔
سنر میچ میں برتری حاصل کرنے کے بعد کریمپس کا شکار ہوئے اور پھر اپنی فارم برقرار نہ رکھ سکے۔
پانچ سیٹس تک جاری رہنے والےمیچ میں ارجنٹائن کےیوہان مینیول سیروندولو کامیاب قرار پائے ہیں، اٹلی سے تعلق رکھنے والے جینک سنر نے ابتدائی 2 سیٹس 6-3 ،6-2 سے اپنے نام کیے تھے۔
تیسرے سیٹ میں عالمی نمبر ایک کو 1-5 کی برتری حاصل تھی جب میڈیکل سپورٹ طلب کی ، کریمپس کے بعد جینک سنر کو سیٹ میں مسلسل 6 گیمز میں شکست ہوئی، آخری 2 سیٹس میں ٹاپ سیڈ پلیئِر کو 1-6 ، 1-6 کے اسکور سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جینک سنر پیرس، انڈین ویلز، میامی اور مونٹی کارلو میں ٹرافیاں جیت چکے ہیں، عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی جینک سنر نے میڈرڈ اوپن کے فائنل میں جگہ بناچکے ہیں ، ان کی ماسٹرز 1000 مقابلوں میں 27ویں فتح تھی ۔
سنر نے ایک اور اہم سنگ میل بھی عبور کیا ہے ، وہ تمام نو اے ٹی پی ماسٹرز 1000 ٹورنامنٹس کے فائنل میں پہنچنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں اور اس کارنامے کو انجام دینے والے کم عمر ترین پلیئر بھی ہیں۔
جینیک سنر کی ناکامی نے فرنچ اوپن کے ٹائٹل کی دوڑ کو مکمل طور پر کھلا کردیا ہے ، ماہرین کے مطابق اس بڑے اپ سیٹ کے بعد دیگر کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند ہوگئے ہیں جبکہ شائقین اب ایونٹ میں مزید سنسنی خیز مقابلوں کے منتظر ہیں۔