پاکستانی حج مشن کو عالمی سطح پر بڑا اعزاز، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو کو ’’لبیتم ایکسیلنس ایوارڈ‘‘ سے نواز دیا گیا

پاکستانی حج مشن کو عالمی سطح پر بڑا اعزاز، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو کو ’’لبیتم ایکسیلنس ایوارڈ‘‘ سے نواز دیا گیا

پاکستانی حج مشن کی شاندار کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر تسلیم کرتے ہوئے سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو کو “لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ” سے نواز دیا۔

یہ اعزاز حج انتظامات، عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامی کارکردگی میں نمایاں کامیابیوں کے اعتراف میں دیا گیا،سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں مختلف ممالک کے حج مشنز کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران عبدالوہاب سومرو کو بطور سربراہ پاکستان حج مشن یہ اعزاز پیش کیا گیا جو مسلسل دوسری مرتبہ اس بین الاقوامی سطح کے ایکسی لینس ایوارڈ کا مستحق قرار پایا ہے۔

تقریب میں سعودی وزیر حج و عمرہ نے حج 1447ھ کے انتظامات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے مختلف ممالک کے حج مشنز کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کو معیاری سہولیات کی فراہمی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے باعث حج آپریشن میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :حج 2026 کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی شروع، پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

سعودی وزیر حج و عمرہ نے اس موقع پر آئندہ حج سیزن 1448ھ کے لیے پالیسی فریم ورک اور اہم ٹائم لائنز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 12 ذوالحج 1447ھ سے حج 1448ھ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ تمام متعلقہ ادارے بروقت منصوبہ بندی مکمل کر سکیں اور حجاج کرام کو مزید بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

تقریب کے موقع پر مختلف ممالک کے وفود نے پاکستان حج مشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے دیگر حج مشنز کے لیے ایک کامیاب ماڈل قرار دیا۔

پاکستان حج مشن نے حالیہ برسوں میں رہائش، ٹرانسپورٹ، خوراک، شکایات کے ازالے اور حجاج کی رہنمائی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے جس کے نتیجے میں اسے مسلسل دوسرے سال یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

واضح رہے کہ عبدالوہاب سومرو کی سربراہی میں پاکستان حج مشن نے رواں حج سیزن کے دوران ایک لاکھ 19 ہزار سرکاری سکیم جبکہ 60 ہزار پرائیویٹ سکیم کے پاکستانی عازمین حج کو خدمات فراہم کیں، جبکہ سعودی حکام اور پاکستانی حجاج کی جانب سے انتظامات کو مجموعی طور پر سراہا گیا۔

editor

Related Articles