سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی کے صارفین کے لیے ایک نئی سہولت کا آغاز کر دیا ہے، کمپنی نے سہولت وین کے نام سے موبائل کسٹمر فیسلیٹیشن یونٹ متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد گیس صارفین کو ان کی رہائشی آبادیوں میں ہی بنیادی خدمات فراہم کرنا ہے۔
ایس ایس جی سی کے اس اقدام سے صارفین کو معمولی مسائل کے حل کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے نہ صرف ان کا وقت بچے گا بلکہ انہیں گھر کے قریب ہی گیس سے متعلق سہولیات دستیاب ہو سکیں گی۔
کمپنی کے مطابق موبائل سہولت وین میں صارفین کو مختلف اہم خدمات ایک ہی جگہ پر فراہم کی جائیں گی اگر کسی گھر میں گیس لیکج، کم پریشر، خراب میٹر یا بل سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو شہری براہِ راست سہولت وین سے رابطہ کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ بلنگ میں غلطیوں کی درستگی، ڈپلیکیٹ بل کا فوری اجرا، نئے گیس کنکشن کے طریقہ کار اور دیگر معاملات سے متعلق مکمل رہنمائی بھی اسی موبائل یونٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد صارفین کو زیادہ آسان، تیز اور بہتر سروس فراہم کرنا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس سہولت سے عوام کو فوری ریلیف ملے گا جبکہ صارفین اور ادارے کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔
ایس ایس جی سی نے بتایا کہ چھوٹے نوعیت کے مسائل موقع پر حل ہونے سے شکایات کے ازالے کے وقت میں بھی کمی آئے گی اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔
کمپنی نے ابتدائی مرحلے میں سہولت وین سروس کا آغاز کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس علاقے میں گیس فراہمی، بلنگ اور دیگر معاملات سے متعلق شکایات اور درخواستیں زیادہ موصول ہوتی تھیں، جس کے باعث یہاں سے اس سہولت کا آغاز کیا گیا۔
ایس ایس جی سی کے مطابق اگر منصوبہ کامیاب رہا تو مستقبل میں کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی موبائل سہولت وین سروس کو توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔