پاکستان کے خلاف بیرونِ ملک سے ایک منظم منفی پروپیگنڈا مہم چلائی جارہی ہے،عطا تارڑ

پاکستان کے خلاف بیرونِ ملک سے ایک منظم منفی پروپیگنڈا مہم چلائی جارہی ہے،عطا تارڑ

 وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہاہے کہ گزشتہ چند روز سے پاکستان کے خلاف بیرونِ ملک سے ایک منظم منفی پروپیگنڈا مہم چلائی جارہی ہے جس کے پسِ پردہ بدنیتی اور گمراہ کن مقاصد کارفرما ہیں، اس مہم کا بنیادی مقصد بے بنیاد خبروں، غیر مصدقہ معلومات اور نامعلوم ذرائع و عہدیداروں کے حوالے دے کر دانستہ طور پر کنفیوژن اور غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔

پاکستان کے خطے میں پائیدار امن کے لیے کردار کو متنازع بنانے کی یہ غیر ذمہ دارانہ کوشش دراصل اُن عناصر کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے جو امن کے قیام سے خائف ہیں اور خطے میں استحکام نہیں چاہتے۔

معتبر ملکی ذرائع ابلاغ اور مختلف حقائق جانچنے والے ادارے پہلے ہی ان جھوٹے دعوؤں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کرچکے ہیں۔ حقائق اور مصدقہ معلومات نے واضح کردیا ہے کہ یہ مہم منظم انداز میں پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کے لیے چلائی جارہی ہے۔

معرکہ حق میں کامیابی سے پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا ، عطا تارڑ

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ یہ بات بخوبی سمجھی جارہی ہے کہ ایسی من گھڑت کہانیوں کے پیچھے وہ عناصر موجود ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کے مخالف ہیں، پاکستان کی جانب سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں اور خطے میں امن کے لیے مسلسل کردار نے ان عناصر کو پریشان کر رکھا ہے۔

دہشت گردی کا خاتمہ، تنازعات کا پرامن حل اور خطے میں امن کا فروغ شاید ان قوتوں کے مفاد میں نہیں جو اس مذموم مہم کے پیچھے کارفرما ہیں،تاہم پاکستان اور پاکستان کا ذمہ دار ذرائع ابلاغ ان منفی عزائم اور منظم پروپیگنڈے کو مسلسل بے نقاب کرتے رہیں گے۔ اس حوالے سے پاکستانی میڈیا اور سماجی ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی جانب سے اس بدنیتی پر مبنی مہم کو بے نقاب کرنے کی کوششیں انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔

editor

Related Articles