فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اختتام کے بعد عالمی فٹبال میں بڑا الٹ پھیر دیکھنے میں آیا ہے جہاں فیفا کی نئی عالمی رینکنگ میں چیمپئن اسپین نے شاندار ترقی کرتے ہوئے دنیا کی نمبر ون ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا ہےجبکہ لیونل میسی کی قیادت میں ورلڈ کپ کی رنر اپ ارجنٹینا ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ میں ٹیموں کی کارکردگی نے عالمی رینکنگ پر نمایاں اثر ڈالا، جس کے نتیجے میں کئی ٹیموں کی پوزیشنز تبدیل ہو گئیں۔
فیفا کی تازہ رینکنگ کے مطابق ورلڈ کپ میں مسلسل عمدہ کھیل پیش کرنے والی اسپینش ٹیم ایک درجہ ترقی کے بعد پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن کے طور پر ٹورنامنٹ میں شریک ہونے والی ارجنٹینا فائنل میں شکست کے بعد عالمی رینکنگ میں بھی اپنی پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی اور دوسرے نمبر پر آ گئی۔
رینکنگ میں فرانس نے اپنی تیسری جبکہ انگلینڈ نے چوتھی پوزیشن برقرار رکھی ہے ، اس کے علاوہ برازیل اور مراکش نے بھی ایک، ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر جگہ بنا لی، جو دونوں ٹیموں کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔
ادھر کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کے لیے نئی رینکنگ زیادہ حوصلہ افزا ثابت نہ ہوئی، کیونکہ ٹیم دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئی، میکسیکو نے ورلڈ کپ میں شاندار کھیل کا انعام حاصل کرتے ہوئے چار درجے ترقی کی اور دنیا کی ٹاپ 10 ٹیموں میں شامل ہونے میں کامیاب رہی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ایک اور بڑی کامیابی ناروے کے نام رہی، جس نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر کے سب کو متاثر کیا۔ اسی بہترین کارکردگی کے باعث ناروے کی ٹیم نے رینکنگ میں 12 درجے کی غیرمعمولی چھلانگ لگائی اور اب وہ دنیا کی 19ویں بہترین ٹیم بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ اس تاریخی کامیابی نے نہ صرف اسپین کو عالمی ٹائٹل دلایا بلکہ اسے فیفا کی تازہ عالمی رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن تک پہنچا دیا۔
فٹبال شائقین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں کون سی ٹیم اپنی پوزیشن برقرار رکھنے یا مزید بہتر بنانے میں کامیاب ہوتی ہے۔