امریکی ماحولیاتی کارکن جولیا بٹر فلائی ہل نے ماحول کے تحفظ کے لیے ایسی جدوجہد کی جو آج بھی دنیا بھر میں مثال کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔
جولیا نے 10 دسمبر 1997 کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں موجود تقریباً 1ہزار سال پرانے ریڈ ووڈ درخت ’لونا‘ پر چڑھ کر احتجاج شروع کیا۔ ان کا مقصد پیسیفک لمبر کمپنی کو اس قدیم درخت اور اس کے اردگرد کے جنگل کی کٹائی سے روکنا تھا۔
ابتدا میں چند ہفتوں پر مشتمل یہ احتجاج غیر معمولی طور پر 738 دن تک جاری رہا۔ اس دوران جولیا درخت کی بلندی پر لکڑی سے بنے ایک چھوٹے پلیٹ فارم پر رہیں اور وہیں اپنی روزمرہ زندگی گزارتیں رہیں۔
اس طویل احتجاج کے دوران انہوں نے شدید سردی، طاقتور طوفانوں، تیز ہواؤں، تنہائی اور دیگر مشکلات کا سامنا کیا۔ ان کے ساتھی رسیوں کے ذریعے انہیں کھانا، پانی اور ضروری سامان پہنچاتے رہے۔
بالآخر دسمبر 1999 میں جولیا اور پیسیفک لمبر کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پایا، جس کے تحت کمپنی نے ’’لونا‘‘ درخت اور اس کے گرد تقریباً 200 فٹ کے علاقے کو محفوظ رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس کامیابی کے بعد جولیا نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔ جولیا بٹر فلائی ہل کی یہ جدوجہد آج بھی ماحول کے تحفظ اور پرامن احتجاج کی ایک منفرد مثال سمجھی جاتی ہے۔