اپنا گھر بنانے کا خواب آسان ، پنجاب میں بلاسود قرضوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آگئی

اپنا گھر بنانے کا خواب آسان ، پنجاب میں بلاسود قرضوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آگئی

کم آمدن والے افراد کے لیے گھر کی تعمیر کا خواب پورا کرنے کے لیے پنجاب حکومت کے ہاؤسنگ منصوبے میں عوامی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔

’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کے حصول کے لیے اب تک 37 ہزار سے زائد افراد درخواستیں جمع کرا چکے ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں درخواست گزاروں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے جاری منصوبوں، بلاسود قرضوں کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں محکمہ حکام نے صوبائی وزیر کو مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں بلال یاسین نے بتایا کہ کم آمدن والے خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ اپنی رہائشی ضروریات پوری کر سکیں۔

اس پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے قرض حاصل کرنے والے افراد کو ماہانہ صرف 4700 روپے جبکہ 10 لاکھ روپے قرض لینے والوں کو تقریباً 9300 روپے ماہانہ اقساط ادا کرنا ہوں گی۔

صوبائی وزیر کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام عوام میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جس کے تحت درخواست گزاروں کی تعداد 13 لاکھ 36 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سانحہ کاہنہ کے بعد مریم نواز کا بڑا اقدام ، اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک لاکھ 74 ہزار 842 افراد کو تقریباً 226 ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی جا چکی ہے۔

بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کم آمدن والے خاندانوں کے لیے گھر میں نئی منزل یا اضافی کمرے کی تعمیر کے لیے چند ہزار روپے ماہانہ اقساط کی ادائیگی ایک قابلِ برداشت اقدام ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوامی سہولت، فلاحی اقدامات اور سستے رہائشی منصوبوں کو عملی شکل دی جا رہی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

حکومت پنجاب کے مطابق ہاؤسنگ منصوبوں کا مقصد کم آمدن والے طبقے کو آسان مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کرائے کے گھروں پر انحصار کم کر کے اپنی ذاتی رہائش تعمیر کر سکیں،  بلاسود قرضوں کی یہ سہولت شہریوں کے لیے گھر بنانے کے عمل کو آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles