برطانیہ کی مشہور بلی لیری نے نئے وزیراعظم کا دلچسپ انداز میں استقبال کر لیا

برطانیہ کی مشہور بلی لیری نے نئے وزیراعظم کا دلچسپ انداز میں استقبال کر لیا

برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی مشہور بلی لیری ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ اس بار اس نے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کی آمد پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں خیرمقدم کیا۔

لیری کے نام سے چلنے والے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر نئے وزیراعظم کی آمد کے بعد پیغام جاری کیا گیا، ’’سیاست دان آتے جاتے رہتے ہیں، بلیاں ہمیشہ رہتی ہیں۔‘‘

اسی پوسٹ میں نئے حکمرانوں کے لیے ہلکے پھلکے انداز میں ہدایات بھی دی گئیں، جن میں کہا گیا کہ لیری کو صبح 9 بجے ناشتہ، ساڑھے 10 بجے برنچ، دوپہر 12 بجے کھانا اور دن بھر اسنیکس پسند ہیں، جبکہ باقی معاملات زیادہ مشکل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:شجرکاری کا کمال، لاکھوں درختوں نے شہر کو ٹھنڈا کر دیا

چوہے پکڑنے آئی، مگر خود ایک علامت بن گئی

لیری کو 15 فروری 2011 کو اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دور میں لندن کے ایک جانوروں کے شیلٹر سے گود لیا گیا تھا۔ اس وقت اس کی عمر تقریباً 4 سال تھی اور اسے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے لایا گیا تھا۔

آج لیری کو سرکاری طور پر ’’چیف ماؤسر ٹو دی کیبنٹ آفس‘‘ کا اعزازی عہدہ حاصل ہے۔ سرکاری ویب سائٹ کے مطابق لیری صرف چوہے پکڑنے تک محدود نہیں بلکہ مہمانوں کا استقبال، سکیورٹی کا جائزہ لینا اور تاریخی فرنیچر پر آرام کرنے کے لیے بہترین جگہ کا انتخاب بھی اس کی ’’ذمہ داریوں‘‘ میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خاندان کو نظر انداز، نوجوان نے کروڑوں کی جائیداد دوست کے حوالے کر دی

سات وزرائے اعظم کے ادوار کی گواہ

لیری گزشتہ 15 برس کے دوران ڈیوڈ کیمرون، تھریسا مے، بورس جانسن، لز ٹرس، رشی سونک، کیئر اسٹارمر اور اب اینڈی برنہم سمیت 7 مختلف وزرائے اعظم کے ادوار دیکھ چکی ہے۔

اس دوران اس نے بریگزٹ، کورونا وبا، پارٹی گیٹ اسکینڈل اور لز ٹرس کے مختصر دورِ حکومت سمیت برطانوی سیاست کے کئی اہم واقعات کا مشاہدہ کیا، مگر خود 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کا مستقل حصہ بنی رہی۔

یہ بھی پڑھیں:لاٹری خریدنے سے پہلے تحقیق، پھر قسمت نے بھی ساتھ دے دیا

غیر ملکی رہنماؤں کی آمد پر بھی مرکزِ نگاہ

لیری اکثر غیر ملکی رہنماؤں کے استقبال کے موقع پر بھی سرکاری رہائش گاہ کے باہر نظر آتی ہے۔ گزشتہ برس یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کی آمد کے موقع پر بھی وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی تھی۔

9 لاکھ سے زائد فالوورز والی ’کیٹ فلوئنسر‘

لیری کا ایکس اکاؤنٹ، جسے ایک نامعلوم شخص چلاتا ہے، 9 لاکھ سے زائد فالوورز رکھتا ہے۔ اس اکاؤنٹ پر برطانوی سیاست، ریفارم یو کے پارٹی اور بعض اوقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بھی مزاحیہ اور طنزیہ تبصرے کیے جاتے ہیں۔

لیری کی ابتدائی زندگی پر 2011 میں ’’ دی لیری ڈائریز کے نام سے ایک کتاب بھی شائع ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تاشقند کے تاریخی کلاک ٹاور کے پیچھے چھپی دلچسپ داستان

کیا اب لیری کو نئے وزیراعظم کے کتے کا سامنا ہوگا؟

برطانوی میڈیا کے مطابق اب دلچسپی کا مرکز یہ سوال ہے کہ آیا وزیراعظم اینڈی برنہم اپنے خاندان کے پالتو کتے کو بھی 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ منتقل کریں گے یا نہیں۔ اگر ایسا ہوا تو لیری کے لیے یہ ایک نیا اور دلچسپ تجربہ ہوگا، جس پر سوشل میڈیا صارفین پہلے ہی دلچسپ تبصرے کرنا شروع کر چکے ہیں۔

editor

Related Articles