برطانوی وزیراعظم کا پہلا بڑا دفاعی فیصلہ، امریکا کو ایران پر حملوں کیلئے اڈوں کی اجازت دیدی

برطانوی وزیراعظم کا پہلا بڑا دفاعی فیصلہ، امریکا کو ایران پر حملوں کیلئے اڈوں کی اجازت دیدی

برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے بھی امریکا کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق اینڈی برنہم نے امریکا کو ان کارروائیوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی منظوری دی ہے جنہیں برطانیہ “دفاعی کارروائیاں” قرار دیتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی آپریشن میں مزید شدت لا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے جمعہ کے روز سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام کا ایک اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں رواں ماہ کے آغاز میں ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد برطانیہ کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :اینڈی برنہم برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن گئے، بادشاہ چارلس نے حکومت بنانے کی دعوت دے دی

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیاگو گارسیا اور آر اے ایف فیئرفورڈ کے برطانوی فوجی اڈے امریکی طیاروں کے استعمال کے لیے بدستور دستیاب رہیں گے تاکہ وہ ایرانی میزائل خطرات سے نمٹنے اور آبنائے ہرمز سے متعلق اہداف پر کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔

بلوم برگ کے مطابق پیر کے روز وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے اینڈی برنہم کو اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا جس کے بعد انہوں نے سابق حکومت کی پالیسی برقرار رکھنے سے اتفاق کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کے بعد امکان ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جاری اپنی بعض فوجی کارروائیوں میں برطانوی فوجی اڈوں سے بھی استفادہ کرے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دسویں روز بھی جاری رہیں جن کے دوران ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :برطانیہ : نئے وزیراعظم نے عہدہ سنبھالتے ہی بجلی کے بلوں پر ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کردیا

رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنانے سے متعلق بیانات پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر بھی امریکا کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے چکے تھے۔

editor

Related Articles