محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد د، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مون سون کے دوسرے اسپیل کے 24 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہور میں گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے جس کے بعد آج بھی شہر میں بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بارش کے باعث حبس اور گھٹن میں بھی واضح کمی آئی ہے۔
اسلام آباد میں بارش جاری رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بھی دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں کے باعث شہر کا درجہ حرارت نمایاں طور پر کم ہوا ہے، صبح کے وقت درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں یہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، اسلام آباد میں 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 96 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا
محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث متعلقہ علاقوں میں موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
کراچی میں بوندا باندی کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی متوقع ہے، شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے شمالی علاقوں میں سیاحوں کو دورانِ سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔