پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت نئے سیزن کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق اس بار ڈومیسٹک سیزن کی منصوبہ بندی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ قومی کھلاڑیوں کو مختلف فارمیٹس میں زیادہ سے زیادہ معیاری میچز کھیلنے کا موقع مل سکے۔
پی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سیزن کا آغاز نیشنل چیمپئنز کپ (لسٹ اے) اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ سے ہوگا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ون ڈے فارمیٹ کے زیادہ مقابلے کرانے کا مقصد قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کو 50 اوورز کے فارمیٹ میں بہتر تیاری فراہم کرنا ہے کیونکہ 2027 کا ورلڈ کپ بھی اسی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
ریڈ بال کرکٹ کے اہم ایونٹس میں قائداعظم ٹرافی گولڈ اور قائداعظم ٹرافی سلور کے ساتھ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون گریڈ ٹو گولڈ اور گریڈ ٹو سلور شامل ہوں گے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ایونٹس 12 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ پاکستان کی روایتی فرسٹ کلاس چیمپئن شپ قائداعظم ٹرافی کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق قائداعظم ٹرافی گولڈ میں 8 ٹیمیں جبکہ سلور ڈویژن میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دونوں ڈویژنز فرسٹ کلاس کرکٹ پر مشتمل ہوں گے جبکہ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی پروموشن اور ریلیگیشن سسٹم برقرار رکھا گیا ہے جس کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والی ایک ٹیم گولڈ ڈویژن میں ترقی کرے گی جبکہ کمزور کارکردگی والی ایک ٹیم سلور ڈویژن میں چلی جائے گی۔
پی سی بی نے ریجنل کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے 16 ریجنز کی ٹیموں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 20 کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت سیالکوٹ اور پشاور ریجنز کو بھی لاہور اور کراچی کی طرز پر دو دو ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں جس سے مزید نوجوان کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اہم ایونٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور دونوں ٹورنامنٹس 5 فروری سے 6 مارچ 2027 تک لاہور میں منعقد ہوں گے جہاں ملک کے بہترین ریجنل کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پی سی بی نے جونیئر کرکٹ کو بھی خصوصی اہمیت دیتے ہوئے انڈر 19 ریڈ بال ٹورنامنٹ پہلی مرتبہ تین روزہ میچز کی بنیاد پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل انڈر 19 کپ اور نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے 5 دسمبر تک جاری رہیں گی۔ اسی طرح انڈر 15 ون ڈے کپ اکتوبر اور نومبر جبکہ انڈر 17 دو روزہ ٹورنامنٹ نومبر اور دسمبر میں منعقد ہوگا۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ چیلنج لیگز انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 اور انٹر ڈسٹرکٹ سینئر ٹورنامنٹس بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گے تاکہ ضلعی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش اور ترقی کا عمل برقرار رکھا جا سکے۔
پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے کہا کہ 2026-27 کا ڈومیسٹک سیزن کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے انتہائی اہم اور یادگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں اضافہ، ریجنل کرکٹ کو مضبوط بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔