پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مجموعی دولت ایک ارب روپے، یعنی 100 کروڑ روپے سے زیادہ ہو چکی ہے۔
رجب بٹ پاکستان کے مقبول ترین ڈیجیٹل کری ایٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے چند ہی برسوں میں یوٹیوب پر لاکھوں سبسکرائبرز حاصل کیے، جبکہ اپنی پرتعیش طرزِ زندگی اور مختلف تنازعات کے باعث بھی اکثر خبروں میں رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ آیا وہ کروڑ پتی ہیں یا ارب پتی؟
اس پر رجب بٹ نے جواب دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ سال باضابطہ طور پر ارب پتی بن چکے ہیں۔ رجب بٹ کے مطابق ان کی مجموعی دولت 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے اور وہ خود کو اس کامیابی پر خوش قسمت سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقام انہیں ایک دن میں نہیں ملا بلکہ اس کے پیچھے تقریباً 12 سال کی مسلسل محنت، ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایشن، یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدنی، برانڈ پارٹنرشپس اور دیگر کاروباری سرگرمیاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یوٹیوب دنیا بھر میں کانٹینٹ کری ایٹرز کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے، جہاں ویڈیو مونیٹائزیشن، اسپانسرشپس اور برانڈ پروموشنز کے ذریعے نمایاں آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔ تاہم رجب بٹ کی جانب سے اپنی مجموعی دولت سے متعلق کیے گئے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔