جہلم میں سنجے دت کے والدسنیل دت کے بچپن کا گھر سامنے آگیا

جہلم میں سنجے دت کے والدسنیل دت کے بچپن کا گھر سامنے آگیا

پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر سمیل عاطف کی ایک ویڈیو نے پاکستان اور بھارت میں سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے، جس میں ضلع جہلم کے ایک گاؤں میں موجود بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار سنیل دت کے آبائی گھر کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دونوں ممالک کے صارفین کی بڑی تعداد نے اداکار سنجے دت کو ٹیگ کرتے ہوئے انہیں اپنے والد کے آبائی گھر کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تاریخی مکان ضلع جہلم کے گاؤں خورد میں واقع ہے، جہاں سنیل دت، جن کا اصل نام بلراج دت تھا، تقسیم ہند سے قبل پیدا ہوئے اور اپنے بچپن کے ابتدائی سال گزارے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانی فلم میرا لیاری آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

1947 میں تقسیم کے بعد سنیل دت کا خاندان بھارت منتقل ہو گیا، جہاں انہوں نے فلمی دنیا میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں سیاست میں بھی اہم مقام بنایا۔ وہ بھارتی پارلیمنٹ کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سنجے دت کی والدہ اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نرگس دت کا تعلق بھی راولپنڈی سے تھا، یوں سنجے دت کے والدین دونوں کی جڑیں موجودہ پاکستان سے وابستہ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سلمان خان کو قانونی مشکل کا سامنا، بہن سمیت عدالت میں طلب

سمیل عاطف نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ جہلم میں واقع یہ مکان آج بھی اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔ ان کے مطابق تقسیم کے کئی برس بعد جب سنیل دت اپنے آبائی گاؤں آئے تو انہوں نے موجودہ مالکان سے درخواست کی تھی کہ اس گھر کو اسی حالت میں محفوظ رکھا جائے تاکہ آنے والی نسلیں اپنی مشترکہ تاریخ اور یادوں سے جڑی رہیں۔

ویڈیو میں سنجے دت کا ایک پرانا بیان بھی شامل کیا گیا، جس میں انہوں نے اپنے والد کے آبائی وطن سے گہرے جذباتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جب بھی سنیل دت اداس ہوتے تو کہتے، ’میں اپنے گھر جانا چاہتا ہوں۔‘ سنجے دت کے مطابق وہ اپنے والد سے کہتے کہ وہ تو ممبئی میں اپنے گھر پر ہی ہیں، مگر سنیل دت جواب دیتے کہ ان کا اصل گھر سرحد پار پاکستان کے شہر جہلم میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سجل علی کے نئے فیشن فوٹو شوٹ نے مداحوں کو حیران کر دیا

سنجے دت نے ایک موقع پر یہ خواہش بھی ظاہر کی تھی کہ وہ زندگی میں کبھی اکیلے پاکستان آ کر اپنے والد کے آبائی گاؤں کا دورہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان یادوں کو قریب سے محسوس کر سکیں جن کا ذکر ان کے والد ہمیشہ کیا کرتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل دت تقسیم کے کئی برس بعد اپنے آبائی گاؤں بھی آئے تھے، جہاں مقامی لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان اور بھارت کے سوشل میڈیا صارفین اسے دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی ورثے اور انسانی رشتوں کی خوبصورت یاد قرار دے رہے ہیں، جبکہ متعدد مداحوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سنجے دت مستقبل میں اپنے والد کی خواہش پوری کرتے ہوئے جہلم میں واقع آبائی گھر کا دورہ کریں گے۔

editor

Related Articles