ویڈیو گیمز کے لئے خوشخبری، امریکا میں ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بھرتی شروع

ویڈیو گیمز کے لئے خوشخبری، امریکا میں ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بھرتی شروع

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن ایف اے اے نے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی طویل عرصے سے جاری کمی کو پورا کرنے کے لیے ویڈیو گیم کھیلنے والے افراد کو بھرتی کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق اپریل میں شروع کی گئی گیمرز پر مرکوز بھرتی مہم کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری شان ڈفی نے اس مہم کو ’گیم چینجر‘ قرار دیا ہے۔

حکام کے مطابق وسیع تر بھرتی مہم کے تحت اب تک 2 ہزار سے زائد امیدوار سامنے آچکے ہیں، جبکہ بھرتی کے مقررہ ہدف کا تقریباً 94 فیصد حاصل کیا جاچکا ہے۔ مزید 2 ہزار سے زائد امیدوار بھی اس وقت بھرتی کے عمل میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی پہلی چاند گاڑی کے سرکاری نام کا اعلان کردیا گیا

گیمرز ہی کیوں؟

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کا کہنا ہے کہ ویڈیو گیمز کھیلنے کے دوران حاصل ہونے والی بعض ذہنی اور عملی مہارتیں ایئر ٹریفک کنٹرول کے کام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ ان مہارتوں میں اردگرد کی صورتحال کو تیزی سے سمجھنا، بیک وقت کئی کاموں پر توجہ دینا، فوری فیصلے کرنا، مسلسل ارتکاز برقرار رکھنا اور ایک ہی وقت میں مختلف ذرائع سے آنے والی معلومات کو سمجھنا شامل ہیں۔

شان ڈفی کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر بننے کی تربیت حاصل کرنے والے بہت سے افراد پہلے ہی گیمرز ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ویڈیو گیمز میں بیک وقت متعدد چیزوں پر نظر رکھنا اور تیزی سے فیصلے کرنا بعض اوقات ان ذہنی صلاحیتوں سے مشابہ ہوتا ہے جو ہوائی جہازوں کی آمد و رفت کو منظم کرنے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔

اس ملازمت کے لیے 4 سالہ یونیورسٹی ڈگری لازمی نہیں۔ ایف اے اےکے قواعد کے مطابق امیدوار کام کے تجربے، تعلیمی قابلیت یا دونوں کے امتزاج کی بنیاد پر اہل ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گوگل پکسل 11 پرو ایکس ایل کے فیچرز لیک، نئے فون میں کیا کچھ خاص ہوگا؟

سالانہ تنخواہ 2 لاکھ 10 ہزار ڈالر سے زیادہ

ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ملازمت صرف ذمہ داری کے اعتبار سے اہم نہیں بلکہ مالی طور پر بھی پرکشش ہے۔ امریکی بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس کے مطابق مئی 2024 میں ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی اوسط سالانہ تنخواہ 144,580 ڈالر تھی۔ کم ترین 10 فیصد ملازمین کی سالانہ آمدن 76,090 ڈالر سے کم جبکہ سب سے زیادہ 10 فیصد کی آمدن 210,410 ڈالر سے زیادہ تھی۔

ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی شدید کمی

گیمرز کو بھرتی کرنے کی یہ مہم ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایف اے اے  کو ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ امریکی گورنمنٹ اکاؤنٹیبلٹی آفس کی ایک رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 کے اختتام پرایف اے اے میں 13,164 ایئر ٹریفک کنٹرولرز موجود تھے، جو ایک دہائی پہلے کے مقابلے میں تقریباً 6 فیصد کم تعداد ہے۔ دوسری جانب اسی عرصے میں فضائی سرگرمی میں اضافہ ہوا ہے۔

ملازمت حاصل کرنا آسان نہیں

اگرچہ ایف اے اے گیمرز سمیت مختلف شعبوں سے امیدواروں کو راغب کر رہا ہے، تاہم ایئر ٹریفک کنٹرولر بننے کے لیے کئی سخت شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ امیدوار کا امریکی شہری ہونا، عموماً 31 سال سے کم عمر ہونا، طبی اور سیکیورٹی جانچ پاس کرنا اور ایف اے اے کا ایئر ٹریفک پری ایمپلائمنٹ ٹیسٹ مکمل کرنا ضروری ہے۔ امیدواروں کو مطلوبہ کام کا تجربہ یا تعلیمی قابلیت بھی ثابت کرنا ہوتی ہے۔

انتخاب کے مرحلے میں کامیاب ہونے والے امیدوار خصوصی تربیت کے لیے آگے بڑھتے ہیں، جس میں اوکلاہوما سٹی میں واقع ایف اےاے  اکیڈمی کی تربیت بھی شامل ہے۔

یوں ویڈیو گیمز کھیلنے کی عادت، جسے عام طور پر صرف تفریح سمجھا جاتا ہے، اب امریکی نوجوانوں کے لیے ایک ایسی مہارت بن سکتی ہے جو انہیں ایک اچھی تنخواہ والی اور انتہائی ذمہ داری کی ملازمت تک پہنچا دے۔

editor

Related Articles